ابرہہ صفت حوثی باغیوں اور ان کے سرپرستوں کا انجام عبرتناک ہوگا: حافظ عبدالحمید عامر

جہلم (محمد زاہد خورشید) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر اور جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر نے حوثی باغیوں کی جانب سے حرمین شریفین سعودی عرب پر حالیہ بزدلانہ اور شرپسندانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سرزمین عالم اسلام کے لیے وہ حتمی”ریڈ لائن“ہے جس پر آنچ آنے کی صورت میں اُمت مسلمہ خاموش نہیں رہ سکتی، کیونکہ اس مقدس دھرتی کا دفاع ہمارے ایمان کا جزوِ لاینفک ہے اور حرمین شریفین پر دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ماضی کی طرح ہمیشہ خاک میں ملا دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حوثی باغی اور ان کے پس پردہ حمایتی مجوسی فکر کے حامل شرپسند شاید یہ بھول بیٹھے ہیں کہ بیت اللہ شریف کی حفاظت کا ذمہ دار وہ ربِ ذوالجلال ہے جس نے صدیوں پہلے اسی نامراد اور سرکش سوچ کے ساتھ آنے والے ابرہہ کے ہاتھیوں والے لشکر کو ابابیلوں کے ذریعے تاریخ کے اوراق میں رہتی دنیا تک نشانِ عبرت بنا دیا تھا، چنانچہ اگر آج پھر مسلمانوں کی ایمانی غیرت اور جذباتی وابستگی کو للکارنے کی کوشش کی گئی تو اس کا جوابی ردِعمل دشمن کے وہم و گمان سے بھی کہیں زیادہ ہولناک، عبرت انگیز اور تباہ کن ہوگا جس سے عالمی برادری میں پائی جانے والی تشویش مزید گہری ہو جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مکہ معاہدے کے بعد اب پاکستان کے لیے زیادہ دیر اس اہم علاقائی تنازع سے خود کو الگ تھلگ رکھنا ممکن نہیں رہے گا اور ان شاء اللہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے فولادی عزم اور جرات مندانہ عسکری سرپرستی میں ہماری غیور اور مایہ ناز پاکستانی افواج عالم اسلام کو کبھی مایوس نہیں کریں گی، بلکہ اپنے تمام تر مادی، معنوی اور جدید ترین عسکری وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ارضِ مقدس کے تحفظ و سلامتی کے لیے اپنا کلیدی، تاریخی اور مصلحتوں سے پاک مجاہدانہ کردار ادا کریں گی کیونکہ پاک فوج ارضِ پاک کی طرح ارضِ حرمین شریفین کی سلامتی کو بھی اپنی اولین اور مقدس ترین ذمہ داری تصور کرتی ہے۔

Exit mobile version