نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستان کے نئے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے تمام حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور اس کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ یمن کی بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور 2022 سے قائم نسبتاً پرسکون ماحول کا ختم ہونا دوبارہ مکمل جنگ بھڑکنے کے خطرے کو بڑھا رہا ہے، جس سے پہلے سے موجود انسانی بحران مزید پیچیدہ ہو رہا ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ باب المندب کے گرد حوثی حملوں کا پھیلاؤ اور تجارتی جہاز رانی پر کارروائیاں آزادیٔ نقل و حرکت اور عالمی بحری تجارت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ اہم بحری گزرگاہوں کو خطرے میں ڈالنے سے عالمی معیشت اور توانائی کے تحفظ پر بدترین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر فوری سفارتی اقدامات ناگزیر ہیں اور پاکستان اقوام متحدہ کی زیرِ سرپرستی یمن کی قیادت میں جامع سیاسی عمل کی بحالی کی مکمل حمایت کرتا ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
