قاہرہ (خصوصی رپورٹ) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے سرکاری دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے جہاں انہوں نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال، علاقائی سلامتی، استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے بحری آمدورفت کی سلامتی اور آزادی کو یقینی بنانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا، جبکہ مصری صدر السیسی نے بحیرہ احمر میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری نقل و حرکت سے متعلق سعودی موقف کی مکمل حمایت کی۔
مصری ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کردہ رسمی بیان میں کہا گیا کہ مصر اور سعودی عرب کے تعلقات عرب فریم ورک کے اندر انتہائی مثالی نوعیت کے ہیں اور خلیجی ممالک بالخصوص سعودی عرب کی سلامتی مصر کی اپنی قومی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ بیان میں یمن تنازع کے پائیدار سیاسی حل کے لیے جاری کاوشوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کا دورۂ مصر ایک ایسے اہم وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ حملوں کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
