امریکی مخالفت کے باوجود ایران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی جنرل کمیٹی کا رکن منتخب

ویانا (خصوصی رپورٹ) امریکی مخالفت اور رکاوٹوں کے باوجود ایران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی جنرل کمیٹی کا رکن بننے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ ویانا میں منعقدہ آئی اے ای اے کی جنرل کانفرنس کے دوران کمیٹی کے رکن کا انتخاب ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جس میں ایجنسی کے اراکین کی اکثریت نے ایران کی حمایت میں ووٹ دیا۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ایکس (ٹویٹر) پر اپنے بیان میں اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی تمام تر کوششوں کے باوجود رکن ممالک نے ایران پر اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ ایرانی اٹامک انرجی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال واندی نے کہا کہ امریکا نے ایران کے انتخاب کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایران نے ایرانی اٹامک انرجی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی کو ویانا اجلاس میں شرکت سے روکے جانے کی شدید مذمت کی تھی اور اسے ایک رکن ملک کے قانونی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا تھا۔ ایجنسی میں ایران کے سفیر رضا نجفی نے جنرل کانفرنس کے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وفد کی مکمل اور مؤثر شرکت میں رکاوٹ ڈالنا بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے قانونی فریم ورک اور شقوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، تاہم تمام تر سفارتی تناؤ کے باوجود ایران کا ممبر منتخب ہونا اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version