سعودی فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والا حوثی ڈرون تباہ کر دیا، اتحادی فوج کا ردِعمل جاری

سعودی فوجی اتحاد کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو کامیابی سے روک کر تباہ کر دیا ہے۔ اتحاد کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون کو مکہ کے گرد قائم ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی نشانہ بنا کر ناکارہ بنایا گیا۔ سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش تھی، اس سے قبل جولائی 2017 میں بھی مکہ پر بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا، جبکہ دونوں مقدس مساجد کا تحفظ ہماری ریڈ لائن ہے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل منگل کی رات سعودی عرب کے شہروں جزان، ابہا اور خمیس مشیط میں حملے کے خدشات پر سائرن بج اٹھے تھے تاہم کچھ دیر بعد وارننگ واپس لے لی گئی تھی۔ اس سے قبل پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے کیے گئے متعدد حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہو گئے تھے۔

Exit mobile version