سینئر صحافی ڈاکٹر تصور مرزا کی سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ میں شمولیت، صحافتی برادری کا پرجوش خیرمقدم

سرائے عالمگیر (خصوصی رپورٹ) معروف سینئر صحافی اور روزنامہ سماء سے وابستہ ڈاکٹر تصور مرزا نے سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ معیاری صحافت، صحافیوں کے عزت و وقار کی عملی سربلندی اور عوامی مسائل کو جرات و ذمہ داری کے ساتھ اجاگر کرنے کے لیے پریس کلب کی کاوشوں سے متاثر ہو کر انہوں نے اس پروفیشنل صحافتی پلیٹ فارم کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر تصور مرزا کا کہنا تھا کہ سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ میں پروفیشنل اور حقیقی ورکنگ صحافیوں کی موجودگی خوش آئند ہے اور میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ایک ایسے پلیٹ فارم کا حصہ بنا ہوں جہاں صحافت کو محض پیشہ نہیں بلکہ ذمہ داری سمجھا جاتا ہے۔

صدر سرائے عالمگیر پریس کلب HOJ ارشد حسین قاضی اور گروپ لیڈر احتشام راٹھور نے ڈاکٹر تصور مرزا کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بہترین صحافتی ریکارڈ رکھنے والے سینئر اور تجربہ کار صحافی کی آمد پریس کلب کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر تصور مرزا کی شمولیت سے پریس کلب کی پروفیشنل صحافتی قوت مزید مستحکم ہوگی اور نوجوان ورکنگ صحافیوں کو ان کے تجربے سے استفادے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے دہرایا کہ پریس کلب نے ہمیشہ مظلوم کی آواز اور بااصول صحافت کو ترجیح دی ہے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری سید علی حسن بخاری، فنانس سیکرٹری احتشام شہزاد بٹ، کاشف نذیر اور شاکر علی نے بھی ڈاکٹر تصور مرزا کو پرتپاک خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے صحافتی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی۔

Exit mobile version