کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی کی کھاریاں میں کھلی کچہری، شہریوں کی 20 درخواستوں پر موقع پر ازالے کی ہدایات

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کے وژن اور ہدایات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی کے ہمراہ میونسپل کمیٹی آفس کھاریاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی جانب سے مختلف محکموں سے متعلق مجموعی طور پر 20 درخواستیں پیش کی گئیں، جن میں ایک درخواست پولیس اور دیگر مختلف سرکاری محکموں سے متعلق تھیں۔ کمشنر محمد علی نے شہریوں کے مسائل براہ راست سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی کارروائی اور فوری ازالے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام کو دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور بروقت ریلیف دینا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اوپن ڈور پالیسی کے تحت شکایات کے حل کی سخت ہدایت کی، جبکہ کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات وقاص صفدر سکندری، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد وقاص، چیف آفیسر ایم سی چوہدری خاور گجر اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اعتزاز احمد سمیت دیگر ضلعی و تحصیل افسران موجود تھے۔

بعد ازاں کمشنر محمد علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھاریاں شہر کے اہم عوامی مسائل، پارکنگ کی صورتحال، تجاوزات کے خاتمے اور سڑکوں کی بہتری کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی۔

Exit mobile version