سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی جنرل کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مدینہ منورہ ریجن میں 11 کروڑ ٹن نایاب معدنیات اور یورینیم دریافت کیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس اہم دریافت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد کے اگست میں دورۂ فرانس کے دوران اس حوالے سے مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے تھے، جس کے بعد اس منصوبے پر پیش رفت ہوئی۔
سعودی وزیر توانائی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سعودی عرب نے عالمی منڈیوں کے استحکام میں ایک مؤثر اور ذمہ دار شراکت دار کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنے پرامن جوہری پروگرام کو تمام عالمی اصولوں کے مطابق آگے بڑھا رہا ہے اور اسے کسی خفیہ ٹھکانوں یا پہاڑوں کی گہرائیوں میں قائم تنصیبات میں ترقی نہیں دی جا رہی۔
