وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سانحہ پمز کے اصل ذمہ داروں کے خلاف اگلے دو سے تین دن کے اندر اندر فوجداری قوانین کے تحت باقاعدہ مقدمات درج کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ سامنے آنے کے فورا بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت آٹھ افراد کو معطل کیا جا چکا ہے، جبکہ تحقیقاتی کمیٹی اگلے دو دنوں میں اپنی حتمی رپورٹ حکام کو جمع کرا دے گی جس میں ان تمام معطل شدہ آٹھ افراد کی انفرادی غلطی اور غفلت کا تعین کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پولیس بھی اس معاملے پر اپنی آزادانہ تفتیش پوری تیزی سے کر رہی ہے اور تمام حقائق جلد ہی عوام کے سامنے آ جائیں گے۔ اس کے علاوہ وزارت کا لاء ڈپارٹمنٹ بھی اس حساس معاملے پر بھرپور کام کر رہا ہے، اور توقع ہے کہ مقررہ مدت یعنی اگلے دو سے تین دن میں پولیس فوجداری قوانین کے تحت پمز واقعے میں ملوث افراد کے خلاف پرچے کاٹنا شروع کر دے گی۔
