امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف جنگ طویل ہونے کے اشارے ملنے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی تعیناتیاں سال 2027 تک بڑھا دی ہیں۔ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی جانب سے فوجی تعیناتیوں کی مدت میں یہ اضافہ اس بات کی علامت ہے کہ تنازع اگلے سال تک جاری رہ سکتا ہے، جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیر محدود فوجی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد صدر ٹرمپ کو مختلف آپشنز فراہم کرنا ہے۔
اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے نجی طور پر معاونین سے ایران جنگ کے خاتمے کے اعلان پر مشاورت کی ہے کیونکہ وہ ذاتی طور پر جنگ ختم کرنے کے حق میں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ایران پر اقتصادی دباؤ وہاں کی حکومت کو جوہری پروگرام کے خاتمے پر مجبور کر دے گا۔ تاہم، معاونین نے صدر کو خبردار کیا ہے کہ جنگ بڑھنے کی صورت میں وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کو شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ٹرمپ انتظامی چاہتی ہے کہ مڈٹرم الیکشنز تک ایران جنگ خاموشی سے جاری رہے۔
