پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا انہیں بہت دکھ ہے، اور انگلینڈ میں جو کچھ کیا گیا وہ اس وقت انتہائی ضروری تھا کیونکہ پرفارمنس کے علاوہ بھی دیگر معاملات ہیں جنہیں فی الحال دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ان پر تنقید کرتے ہیں، کرکٹاصل میں انہی کے آنے سے تباہ ہوئی ہے، اس لیے وہ لوگوں کی تنقید پر بالکل توجہ نہیں دیں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ تنقید کرنے والے کبھی کہتے ہیں کہ کسی کھلاڑی کو باہر نکالو اور کبھی کہتے ہیں کہ اسے کیوں کھلایا گیا، وہ ایسی تنقید سے نہ کبھی گھبرائے ہیں اور نہ ہی اب گھبراتے ہیں، اور جن لوگوں نے خود زندگی میں کچھ نہیں کیا ان کی باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
چیئرمین پی سی بی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی پرفارمنس بہت خراب رہی ہے، تاہم کھلاڑیوں پر اپنا اعتماد برقرار رکھا جائے گا اور ان کی کسی بھی قسم کی تذلیل ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ذرا پہلے کی رینکنگ دیکھ لیں، اور آج صورتحال یہ ہے کہ ہم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پانچویں اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
