جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن والے ایک طرف مذاکرات اور دوسری جانب زبردستی کرتے ہیں، اور آج کی ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ حافظ نعیم الرحمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حکومت نے مہنگائی کا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے جبکہ اپنی شاہ خرشیاں مزید بڑھا دی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیروں اور سرکاری افسران کے لیے بڑی گاڑیاں، مفت بجلی اور پیٹرول کی سہولیات ختم کیوں نہیں کی جاتیں۔
دوسری جانب، حکومت کا اعلیٰ سطح کا وفد آج لاہور میں جماعت اسلامی کے قائدین سے مذاکرات کرے گا۔ ان مذاکرات میں دھرنے کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کے مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وہ نیک نیتی سے ملاقات کے لیے جا رہے ہیں اور دھرنے اور جلوس کے بجائے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔ حکومتی کمیٹی آج منصورہ میں جماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کرے گی کیونکہ ملک کو اس وقت امن اور معاشی استحکام کی اشد ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ یہ اہم مذاکرات دوپہر 3 بجے منصورہ میں منعقد ہوں گے۔
