حافظ نعیم الرحمان کا گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے سے انکار، اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن مارچ کا اعلان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں سینئر صحافیوں اور اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی کسی بھی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی کیونکہ ماضی میں ایسے اتحادوں سے جماعت کو فائدے کے بجائے نقصان زیادہ اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نظام میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے جماعت اسلامی اپنے بل بوتے پر سیاسی فورم سے عوام کا مقدمہ لڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت ملی ہے مگر یہ ممکن نہیں کہ لاہور، کراچی اور پشاور میں دھرنے دیے جائیں اور بند کمروں میں مذاکرات ہوں، بلکہ 13 ربیع الاول کو ملک بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور پہیہ جام کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے ملک بھر میں احتجاجی تحریک کے اگلے مراحل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے اور اضلاع میں احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے، جبکہ پیدل مارچ اور اسلام آباد میں دھرنے کا آپشن بھی زیرِ غور ہے کیونکہ یہ تحریک طویل ضرور ہوگی لیکن انتہائی فیصلہ کن ثابت ہوگی۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومتی لیوی کے ظالمانہ اقدامات کو عوام کے سامنے لائے کیونکہ یہ کوئی قانونی ٹیکس نہیں بلکہ حکومت کا ایک غیر منصفانہ ٹیکس ہے۔

Exit mobile version