ستمبر 11, 2026

ایران اور امریکا میں دیرپا جنگ بندی کی کوششیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کل اہم دورے پر ایران جائیں گے

ایران اور امریکا کے درمیان دیرپا جنگ بندی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کل (پیر کو) ایران کا دورہ کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فیلڈ مارشل کا یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا تسلسل ہے جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا اور استحکام لانا ہے۔ اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران کے اعلیٰ ترین عسکری و سیاسی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔

دوسری جانب ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اس دورے سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تھا جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ کے تناظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اس سے پہلے بھی دو بار ایران کا دورہ کر چکے ہیں تاکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کردار ادا کیا جا سکے۔