سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں سزا یافتہ، جرمانہ عائد

سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں سزا یافتہ قرار دے کر ان پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلوی عدالت میں ڈیوڈ وارنر کے شراب پی کر گاڑی چلانے کے کیس کی سماعت ہوئی، جہاں آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ان کے اعترافِ جرم کے بعد عدالت نے انہیں سزا سنائی ہے اور وارنر پر 1500 آسٹریلوی ڈالرز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

دورانِ سماعت ڈیوڈ وارنر کے وکیل اویس احمد نے عدالت سے ان کو سزا یافتہ قرار نہ دینے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ وارنر کی غلطی کو دنیا بھر میں میڈیا نے کور کیا ہے جس سے ان کے مالی معاہدوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ شراب پی کر گاڑی چلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے پیغام دینا بہت اہم ہے، جس سے ڈیوڈ وارنر کے دوبارہ جرم کرنے کا امکان کم ہو گا۔

عدالت کے حکم کے مطابق ڈیوڈ وارنر کو اب گاڑی چلانے کے لیے لازمی طور پر انٹر لاک ڈیوائس بھی استعمال کرنا ہو گی۔ انٹر لاک ڈیوائس کا لائسنس حاصل کرنے اور ڈیوائس گاڑی میں لگوانے کے بعد ہی وہ ڈرائیو کر سکتے ہیں، جبکہ یہ انٹر لاک ڈیوائس الکوحل کی موجودگی میں گاڑی کو اسٹارٹ ہونے سے روک دے گی۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیوں کے لیے سڈنی گئے تھے، جہاں سڈنی میں ڈیوڈ وارنر کا رینڈم بریتھ ٹیسٹ ہوا اور وہ شراب پی کر ڈرائیو کر رہے تھے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کی جگہ پر پہنچنے سے قبل گاڑی میں سوار ساتھی کے ساتھ اپنی سیٹ بھی تبدیل کی تھی، اور یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ ماہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے اس جرم کا اعتراف کیا تھا۔

Exit mobile version