سعودی عرب (ادریس احمد سے) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلہ میں کے کے پروڈکشن کے زیرِ اہتمام ’’ہمارا پاکستان شو‘‘ سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانی کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان برائے سعودی عرب احمد فاروق تھے، سفیر پاکستان احمد فاروق نے یومِ آزادی کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، ہمیں اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے متحد ہوکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی اپنی محنت، کردار اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، تقریب میں پاکستان سے آنے والے معروف گلوکاروں نے شاندار پرفارمنس پیش کی جبکہ ملی نغموں اور پاکستانی گیتوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ بچوں کے لیے خصوصی کوئز سیکشن کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں نے بھرپور دلچسپی لی اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ فیس پینٹنگ، ڈھول، مہندی اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی روایتی کھانوں کے اسٹالز بھی شرکاء کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے، جبکہ مختلف کمپنیوں کی جانب سے مفت مشروبات کی تقسیم کے اسٹالز بھی لگائے گئے، کے کے پروڈکشن کے سی ای او خرم خان نے پروگرام کو انتہائی منظم اور خوبصورت انداز میں آرگنائز کیا، جس پر شرکاء نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ’’ہمارا پاکستان شو‘‘ کے ذریعے نہ صرف یومِ آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائی گئیں بلکہ سعودی عرب میں پاکستانی ثقافت، روایات اور قومی تشخص کو بھی اجاگر کیا گیا۔



