سعودی عرب (ادریس احمد سے ) یوتھ فورم کے زیرِ اہتمام سعودی دارالحکومت ریاض میں جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلہ میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرپرستِ یوتھ فورم سید ثاقب زبیر، معروف غنی صدیقی، صدر یوتھ فورم ابراہیم جٹ، پاکستانی کمیونٹی کے عمائدین، نوجوانوں، سماجی شخصیات، صحافتی برادری اور اہلیانِ ریاض نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب میں پاکستانی پرچموں کی بہار اور قومی نغموں نے ماحول کو ملی جذبے اور حب الوطنی کی کیفیت سے سرشار کیے رکھا۔ شرکاء نے قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت اور وابستگی کا اظہار کیا، اس موقع پر سرپرستِ یوتھ فورم سید ثاقب زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان، محبت اور فخر ہے، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے دل ہمیشہ وطنِ عزیز کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں تعلیم، محنت، کردار اور اتحاد کے ذریعے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، صدر یوتھ فورم ابراہیم جٹ نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام مہمانوں، پاکستانی کمیونٹی، نوجوانوں اور صحافتی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنے کردار، محنت اور مثبت رویے سے پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ یوتھ فورم نوجوانوں کو مثبت، تعمیری اور بامقصد سرگرمیوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا، تقریب سے معروف غنی صدیقی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور پاکستان سے اپنی محبت و وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی قدر، حفاظت اور آئندہ نسلوں تک اس کے حقیقی مقصد کو منتقل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔ یوتھ فورم کی جانب سے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد، فلاح اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔



