ستمبر 10, 2026

دبئی میں نسٹو سینٹرل ویئر ہاؤس کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد

جہلم (محمد زاہد خورشید )  دنیا بھر کی طرح دیارِ غیر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے بھی 14 اگست کے پرمسرت موقع پر وطنِ عزیز سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے جشنِ آزادی کی خوشیاں بھرپور ملی جوش و جذبے، شاندار انداز اور روایتی ولولے کے ساتھ منائیں۔ اسی سلسلے میں دبئی میں واقع نسٹو سینٹرل ویئر ہاؤس (Nesto Central Warehouse) میں ایک خصوصی اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اوورسیز پاکستانی برادری اور تمام ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک خوبصورت کیک کاٹا گیا جس میں جنرل منیجر، سپر مارکیٹ منیجرز، سپر مارکیٹ سپروائزرز اور نسٹو کمپنی کے دیگر تمام اسٹاف ممبران نے شانہ بشانہ شرکت کی۔ کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران تمام حاضرین نے زبردست تالیاں بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو آزادی کے اس مبارک دن کی مبارکباد پیش کی۔

تقریب کا ماحول انتہائی جذباتی اور دیدنی تھا۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے مل کر وطنِ عزیز سے وفاداری کا اعادہ کیا اور تقریب کے اختتام پر فضا "پاکستان زندہ باد”، "پاکستان ہمیشہ زندہ باد تھا، ہمیشہ زندہ باد ہے، اور ہمیشہ زندہ باد رہے گا” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ تقریب میں شریک اوورسیز پاکستانیوں اور نسٹو کمپنی کے اسٹاف کا کہنا تھا کہ ہم چاہے روزگار کے سلسلے میں دنیا کے کسی بھی کونے میں مقیم ہوں، ہمارے دل ہمیشہ اپنے پیارے وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں کیونکہ پاکستان ہماری پہچان، ہماری آن اور ہماری شان ہے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا بھی کی گئی۔