گورنمنٹ ہائی سکول کھاریاں میں یومِ آزادی اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد

کھاریاں (طاہر اقبال) سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور یومِ آزادی کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول کھاریاں میں پرنسپل سید محسن نصیر شاہ کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تھے۔

دیگر مہمانِ گرامی میں تحصیلدار کھاریاں، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھاریاں خاور علی گجر، تحصیل کھاریاں کے مرد و خواتین اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز عبدالغفار، بلال انور، محمد عرفان، وقار یونس اور نازش سلیم، حافظ عامر ریڈر اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں، ہیڈ ماسٹر مختار احمد، ہیڈ ماسٹر شکیل احمد، بلال بیگ ڈائریکٹر پاکستان اوورسیز سکولز کھاریاں اور محمد اختر ڈائریکٹر ریڈ فاؤنڈیشن تھے۔

تقریب میں گورنمنٹ ہائی سکول کھاریاں، گورنمنٹ تعلیم القرآن ہائی سکول کھاریاں، گورنمنٹ تعلیم الاسلام ہائی سکول کھاریاں، گورنمنٹ ہائی سکول تہال، پاکستان اوورسیز سکول کھاریاں، ریڈ فاؤنڈیشن سکول کھاریاں اور شہر بھر کے اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ طلبہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور یومِ آزادی کے حوالے سے ملی نغمے، ٹیبلوز اور تقاریر پیش کیں۔ بچوں نے تینوں ممالک کے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان کے قومی نعروں سے تقریب میں کافی جوش و خروش پیدا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل نے امتِ مسلمہ کے اتحاد اور یومِ آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مکہ معاہدے کو امن، سلامتی اور استحکام کی ضمانت قرار دیا۔ جبکہ صدارتی خطبہ میں پرنسپل سید محسن نصیر شاہ نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو آج دوبارہ متحد اور مستحکم ہونے کی ضرورت ہے۔

Exit mobile version