ستمبر 12, 2026

مخصوص نشستوں کے انتخابات کے بعد آزاد کشمیر میں ن لیگ کو دو تہائی اکثریت مل جائے گی، رانا ثناء اللہ

وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت حاصل ہو جائے گی اور وہ وہاں اکثریت کے ساتھ اپنی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 25 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کو کامیابی ملی ہے جبکہ ایل اے 14 سے منتخب ہونے والے ساجد اقبال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کی بہتری کے لیے ہمارے ساتھ چلیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال کو درست کرنے کے لیے ن لیگ کو عوام کا مینڈیٹ ملا ہے، عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے اور اسمبلی مکمل اختیارات کے ساتھ کام کرے گی۔ آزاد کشمیر میں دھرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھرنا دینے والے شہری ہمارے بھائی ہیں، جن میں سے صرف ایک ڈیڑھ فیصد لوگ اشتعال انگیز عناصر کے ساتھ ہوں گے، اور کشمیری اتنے ہی پاکستان کے مالک ہیں جتنے پاکستانی ہیں۔