وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق حج 2027 کے لیے درخواستوں اور اخراجات کی وصولی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، اور سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں رواں ماہ اگست کے تیسرے ہفتے سے وصول کی جائیں گی۔ اس اسکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے ملک سے حج کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
وزارت کے مطابق حج اخراجات بوجھ کم کرنے کے لیے دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے، جن میں پہلی قسط کے طور پر نصف رقم جبکہ دوسری قسط باقی ماندہ ادائیگی کے طور پر لی جائے گی، اور مقررہ کوٹہ پورا ہونے پر مزید درخواستوں کی وصولی بند کر دی جائے گی۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ حج 2027 کے لیے کل کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین مقرر کیا گیا ہے۔ اس مجموعی کوٹے میں سے سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد حصہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ باقی 40 فیصد کوٹہ نجی حج اسکیم کے لیے رکھا گیا ہے تاکہ تمام عازمینِ حج اپنے لیے مناسب طریقہ کار کا انتخاب کر سکیں۔
