ستمبر 11, 2026

سمندری طوفان ‘ڈولفن’ کا جاپان اور چین میں قہر، شنگھائی میں سیکڑوں پروازیں منسوخ اور بجلی معطل

طاقتور سمندری طوفان ‘ڈولفن’ نے جاپان اور چین کے مختلف علاقوں میں شدید تباہی مچادی ہے۔ جاپان کے علاقے اوکیناوا میں طوفان کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 6 افراد زخمی ہو گئے جبکہ طوفانی ہواؤں کے باعث 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی کا نظام معطل ہو گیا ہے۔ جاپان کے بعد یہ سمندری طوفان چین کے مشرقی ساحلوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں چینی محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے کئی شہروں میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

چینی حکام کے مطابق صوبہ جی جانگ کے مختلف علاقوں میں 500 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ شنگھائی میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اس خطرناک موسمی صورتحال کے پیشِ نظر شنگھائی کے دو بڑے ہوائی اڈوں پر 1,384 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور چین کی یانگشان بندرگاہ پر 500 سے زائد کشتیوں کو احتیاطی تدبیر کے طور پر سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔