جہلم (محمد زاہد خورشید) ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عدنان حسین کی قیادت میں مرکزی اور فیصل آباد کی ضلعی کابینہ کے وفد نے پبلک فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے منعقدہ عشائیہ تقریب میں شرکت کی۔ پنجاب بھر کے ہومیوپیتھک معالجین کے اعزاز میں رکھی گئی اس تقریب میں فیصل آباد اور گردونواح سے بڑی تعداد میں ڈاکٹرز صاحبان نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ہومیوپیتھی کے فروغ، معالجین کو درپیش مسائل اور فارما سیکٹر کے اہم کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہومیوپیتھک نظام علاج کو مزید منظم اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام متعلقہ طبقات مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر پبلک فارما کی انتظامیہ نے تمام مہمان ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسی علمی و سماجی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جو کہ ایک پُرتکلف عشائیے پر اختتام پذیر ہوئی۔



