پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان اسکواش کھلاڑی عمیر عارف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ جونیئر اسکواش اوپن کا انڈر 17 ٹائٹل جیت لیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے انتہائی سنسنی خیز فائنل میں عمیر عارف نے انگلینڈ کے حریف کھلاڑی لیوک میک برائیڈ کو سخت مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 گیمز سے شکست دی۔ فائنل میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست جوڑ پڑا اور عمیر عارف کی فتح کا مجموعی اسکور 4-11، 11-6، 11-5، 9-11 اور 11-4 رہا۔
واضح رہے کہ عمیر عارف اس سے قبل ورلڈ جونیئر اور ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، جبکہ وہ بلکِس اینڈ عبدالرزاق داؤد فاؤنڈیشن کے فیلو بھی ہیں۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر ملک بھر کے کھیل حلقوں کی جانب سے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔



