یمن نے حوثیوں اور ان کے فوجی سازوسامان کے خلاف شدید فوجی کارروائی کی تصدیق کی ہے، جو کہ حوثیوں کی غدارانہ سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی ہے۔ یمنی فوج نے صوبہ مارب میں حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کے حملوں کے جواب میں یہ آپریشن کیا ہے، جس میں جمعے کے روز ہونے والے حملے کے دوران فوج کے 8 اہلکاروں سمیت کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے تھے جبکہ انصار اللہ نے سرکاری فوج کے کیمپ کو نشانہ بنانے کا اعتراف کیا تھا۔
یمنی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ حوثیوں نے بیرونی ایجنڈوں کی تکمیل کے لیے ملک کو علاقائی تنازعات میں دھکیل دیا ہے اور معیشت کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں فرقہ واریت کو فروغ دیا ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ جوابی فوجی کارروائیاں ملک دشمن عناصر اور حوثیوں کی غدارانہ کارروائیوں کا منہ توڑ جواب ہیں۔
