منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران عامر خان کی ہدایت پر تھانہ صدر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے راول بھٹی عرف راولو چور گینگ کے 3 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان راول بھٹی، احتشام بٹ اور محمد آلیان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، بجلی کی موٹر، سلائی مشین، نقدی اور ایک 30 بور پسٹل برآمد کر لیا ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے جس دوران مزید اہم وارداتوں اور ان کے دیگر ساتھیوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔ منڈی بہاءالدین پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
