امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام وحدت روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف منعقدہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عوام پر مزید ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت کم کر کے 225 روپے کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جمعہ (7 اگست) کو ملک بھر کے 510 مقامات پر پُرامن دھرنے دیے جائیں گے جن میں سڑکیں بند کی جائیں گی اور صرف ایمبولینس کو گزرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو لیوی کے خلاف یہ احتجاج حکومت گراؤ تحریک میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کے مطالبات پورے کریں، ورنہ تمام تر حالات کی ذمہ داری انہی پر عائد ہوگی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی ایک قسم کا بھتہ ہے جس کی وجہ سے ہر فرد شدید پریشان ہے کیونکہ غریب آدمی سے ایک لیٹر پیٹرول پر 125 روپے تک ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 74 ڈالر فی بیرل پر آنے کے باوجود پاکستان میں قیمتیں پرانی سطح پر نہیں لائی گئیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں جن کے پاس قوم کی لوٹی ہوئی دولت ہے اور وہ عوام کا دکھ نہیں سمجھ سکتے، جبکہ خواتین گھر کا کچن چلانے کے لیے زیورات بیچنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جمعہ کے روز شام 4 بجے لاکھوں افراد حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکل کر پُرامن احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔
