اگست 7, 2026

اینٹی کرپشن گجرات کے دو کامیاب ریڈ، پٹواری، سیکرٹری اور نائب قاصد رشوت لیتے گرفتار

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار ) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گجرات نے بدعنوانی کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے 6 اگست 2026 کو ضلع گجرات اور تحصیل کھاریاں میں دو الگ الگ کامیاب ریڈ کیے، جن کے دوران NTO برانچ گجرات سے پٹواری حبیب سبحانی کو 50 ہزار روپے جبکہ یونین کونسل میونسپل کمیٹی کھاریاں سے سیکرٹری نعیم افضل اور نائب قاصد راجہ نعیم کو 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 80 ہزار روپے کی نشان زدہ رشوتی رقم برآمد کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گجرات رانا نثار احمد نے اپنی ٹیم، جس میں محرر اینٹی کرپشن اجمل احسان، کمپیوٹر آپریٹر محمد رضوان اور کانسٹیبل عبدالوقار شامل تھے، گجرات اور کھاریاں میں متعلقہ علاقہ مجسٹریٹس کی نگرانی میں یہ چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جہاں پہلی کارروائی NTO برانچ گجرات میں پٹواری کے خلاف کی گئی اور اسے 50 ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹوں سمیت پکڑا گیا، جبکہ دوسری کارروائی یونین کونسل میونسپل کمیٹی کھاریاں میں کی گئی جہاں سیکرٹری اور نائب قاصد کو 30 ہزار روپے رشوت کے ساتھ دبوچ لیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا واضح کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں کرپشن اور رشوت ستانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لے کر سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور ایک شفاف، دیانتدار اور عوام دوست نظامِ حکومت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اینٹی کرپشن کی ان دونوں کامیاب کارروائیوں کو ضلع گجرات میں بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جس سے سرکاری اداروں میں رشوت ستانی کے خلاف ایک سخت اور واضح پیغام گیا ہے۔