اگست 8, 2026

پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے اتحاد کا کوئی امکان نہیں، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کسی بھی قسم کے سیاسی اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے، اور موجودہ حکومت کو اس سے کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک اور نظام کے بہتر مفاد میں یہی ہے کہ موجودہ حکومتی اتحاد اپنے مقررہ وقت تک کامیابی سے چلتا رہے، جس کا احساس پیپلزپارٹی کو بھی ہے اور وقت کے ساتھ مزید پختہ ہو جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کے شناختی کارڈز سے متعلق دعوے کی تردید کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ ڈیجیٹل آئی ڈی کے ذریعے بھی پاکستان آ سکتے ہیں اور اگر وہ یہاں آئیں تو ان کی ملاقات کا بندوبست بھی کرا دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا رویہ سیاسی نہیں رہا اور تمام آپشنز ختم ہونے کے بعد اب ان کے پاس صرف ہمدردی کارڈ ہی باقی بچا ہے۔