فلسطین میں چینی سفیر سُن ژِن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی کاز کے لیے چین کے غیر متزلزل عزم کا بھرپور اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ چین فلسطین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ فلسطینی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران انہوں نے فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ناانصافیوں کی شدت کا قریب سے مشاہدہ کیا ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین مشکل کی اس گھڑی میں فلسطین میں انسانی امداد اور ترقیاتی معاونت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ رواں سال چین اور فلسطین کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی تیسری سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے، جس کے تحت دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔




