کوٹلہ ارب علی خاں (انصر فاروق مغل) تھانہ ککرالی کی حدود میں واقع گاؤں بنیاں میں عارضی طور پر مقیم 35 سالہ شخص نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفی کی شناخت رشید احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو پانچ بچوں کا باپ تھا اور بظاہر معاشی تنگدستی کا شکار تھا۔
ذرائع کے مطابق رشید احمد کا آبائی تعلق ہیڈ محمد والا سے تھا۔ اس نے دوسری شادی کر رکھی تھی اور گزشتہ تقریباً دس ماہ سے گاؤں بنیاں ڈھولا میں ذوالفقار بنیاں کے ڈیرے پر عارضی طور پر رہائش پذیر تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ککرالی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ خودکشی کی اصل وجوہات اور تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی کارروائی کے بعد قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، جبکہ حتمی حقائق تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔






