ستمبر 11, 2026

بلوچستان کے سیاسی مسائل کا حل مذاکرات میں ہے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں اور وہ ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں۔ زرداری ہاؤس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہیں گے اور سیکیورٹی فورسز کے شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلاول بھٹو کو صوبے کی مجموعی انتظامی اور سیاسی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زیارت سانحے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کر دیا گیا ہے اور بہت جلد صوبے میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس کانفرنس میں ان سیاسی جماعتوں کو بھی مدعو کیا جائے گا جو پارلیمان کا حصہ نہیں ہیں تاکہ بلوچستان کے مسائل کے دیرپا حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔