شنگھائی میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران پاکستان نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر باقاعدہ دستخط کر دیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اس معاہدے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دستخط کیے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق موجود تفاوت کو کم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت تک منصفانہ رسائی کو یقینی بنانے اور مشترکہ خوشحالی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے پاکستان رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے پرعزم ہے۔ اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس مقصد کے حصول کے لیے تمام شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔





