وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے 5 شہروں لیہ، چنیوٹ، سیالکوٹ، اوکاڑہ اور مری میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ عارف والا میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے، اور جن اضلاع میں یہ بسیں لانچ کی جا رہی ہیں وہاں کے رہائشی اس سہولت کے مستحق ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران مزید 1500 بسیں لائی جا رہی ہیں جبکہ پانچ سالہ مدت میں 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ معمر افراد، اسپیشل افراد، خواتین اور طالب علموں کے لیے ان بسوں میں سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص میری ذمہ داری ہے، اسی لیے طلبا کے لیے لیپ ٹاپ، الیکٹرک بائیک، ٹیبلٹ کی فراہمی اور 50 ہزار اسکالرشپس دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔





