جولائی 17, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت خطے میں کشیدگی کے ملکی معیشت پر اثرات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، اویس لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے، اس لیے قوم کو کفایت شعاری کو قومی سطح پر اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عام آدمی، موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ دینے کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو سبسڈی کے ذریعے مؤثر انداز میں کنٹرول کیا۔ وزیراعظم نے حکام کو تاکید کی کہ ہر ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے اور بروقت اقدامات کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور مستقبل کے لیے بھی فراہمی کو یقینی بنا لیا گیا ہے۔