جولائی 16, 2026

سپریم کورٹ: سزائے موت اور ضمانت کے برسوں پرانے مقدمات کا بیک لاگ ختم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اصلاحات کے تحت برسوں سے زیر التوا ہزاروں مقدمات کو نمٹا کر ایک بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، جس کے نتیجے میں سزائے موت کے مقدمات میں 11 سال اور بعد از گرفتاری ضمانت کے مقدمات میں 17 سال کا طویل بیک لاگ ختم ہو گیا ہے۔ عدالتی اعلامیے کے مطابق، ترجیحی بنیادوں پر مقدمات کی سماعت کی پالیسی کے تحت سزائے موت کی 608 اپیلوں، قبل از گرفتاری ضمانت کی 2156 اور بعد از گرفتاری ضمانت کی 2303 درخواستوں پر فیصلے سنا دیے گئے ہیں۔

مذکورہ اصلاحات کے مثبت اثرات کے باعث اب عدالت میں رواں سال کے مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے، جبکہ خاندانی، ٹیکس اور کرایہ داری کے مقدمات میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے سے نہ صرف زیر سماعت مقدمات کی اوسط مدت میں کمی آئی ہے بلکہ انصاف کی فراہمی میں بھی تیزی آئی ہے، جس سے سائلین کو دہائیوں سے جاری قانونی جنگ سے نجات مل رہی ہے۔