جولائی 14, 2026

راولپنڈی کے 150 سال پرانے سنیما اراضی کیس میں اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، ای ٹی او اور انسپکٹر سمیت 3 ملزمان گرفتار

راولپنڈی کے ایک تاریخی اور 150 سال پرانے سنیما کی قیمتی اراضی کے معاملے پر اینٹی کرپشن حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سرکاری ریکارڈ میں مبینہ رد و بدل کے الزام میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ETO) اور انسپکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اس کیس کا باقاعدہ مقدمہ درج ہے، جس میں نامزد مبینہ بینیفشری ملک عارف کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے اور عدالت سے تمام ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کی کارروائی سنیما اراضی کے اصل مالک بلال صادق کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر کی گئی، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ ملزم ملک عارف نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کی ملی بھگت سے اراضی پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔ درخواست گزار کے مطابق ایک جعلی پاور آف اٹارنی تیار کر کے 2 کنال کی قیمتی اراضی ملک عارف کے نام منتقل کی گئی، جس کے بعد اب اینٹی کرپشن حکام نے اس جعل سازی میں ملوث دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو بھی شاملِ تفتیش کرنے کی باضابطہ سفارش کی ہے۔