جولائی 16, 2026

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کھاریاں اور گجرات میں بڑی کارروائیاں، غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانے اور نوٹسز جاری

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیائے خورونوش بیچنے والوں کے خلاف اپنی مہم کو تیز کرتے ہوئے کھاریاں اور گجرات کے مختلف علاقوں میں 43 فوڈ پوائنٹس کا اچانک معائنہ کیا ہے۔ اس سخت چیکنگ کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 18 فوڈ بزنسز کو وارننگ اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 5 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 54 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

حکام نے ان کارروائیوں کے دوران انسانی صحت کے لیے مضر اور 11 کلوگرام زائدالمیعاد (ایکسپائرڈ) مٹھائیاں سمیت دیگر ممنوعہ اشیائے خورونوش موقع پر ہی قبضے میں لے کر تلف کر دیں، جبکہ کھانے پینے کی اشیاء کا معیار جانچنے کے لیے ایک نمونہ حاصل کر کے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش غذا کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی سختی سے جاری رہے گا۔