جولائی 17, 2026

2028 لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی: کوالیفکیشن کا طریقہ کار طے، پاکستان مینز اور ویمنز ٹیموں کے لیے رسائی کا راستہ سامنے آ گیا

2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے ٹیموں کی کوالیفکیشن کا طریقہ کار طے کرلیا گیا ہے، جہاں سن 1900 کے پیرس اولمپکس کے بعد پہلی بار کرکٹ ایونٹس ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی کے مطابق مینز اور ویمنز ایونٹس میں 6،6 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں سے 4 ٹیمیں افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشنیا کی نمائندگی کریں گی اور ان کا فیصلہ آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ میزبان امریکا ٹاپ 15 میں ہونے کی صورت میں براہ راست اہل ہوگا اور چھٹی ٹیم کا فیصلہ 8 ٹیموں کے کوالیفائر ایونٹ سے ہوگا۔ اولمپکس کے فارمیٹ کے تحت ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جس کے بعد ٹاپ ٹیمیں میڈلز کے لیے سیمی فائنل اور فائنل راؤنڈز کھیلیں گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اس اعلان کے بعد پاکستان کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کے لیے اولمپکس تک رسائی کا راستہ مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں۔ آئی سی سی کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ایشیا سے سرفہرست ٹیم براہ راست کوالیفائی کرے گی، جہاں فی الوقت بھارت مضبوط امیدوار ہے، اور اگر پاکستان ایشیا میں ٹاپ رینک حاصل نہ کر سکا تو اسے 2027 کا اولمپکس کوالیفائر جیتنا ہوگا۔ دوسری جانب، ویمنز ایونٹ میں آسٹریلیا، بھارت، برطانیہ اور جنوبی افریقا پہلے ہی براہ راست کوالیفائی کر چکے ہیں اور پاکستانی ویمنز ٹیم براہ راست دوڑ سے محروم ہونے کے بعد اب اولمپکس کی آخری نشست کے لیے 2027 کے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر میں قسمت آزمائی کرے گی۔