فیفا ورلڈکپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 کے ایک اہم ناک آؤٹ مقابلے میں برازیل نے جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہیوسٹن میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ کے پہلے ہاف کے 29 ویں منٹ پر جاپان کے سانو نے شاندار گول کر کے سب کو حیران کر دیا اور اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی، جس کے باعث پہلا ہاف جاپان کے حق میں ختم ہوا۔ تاہم، دوسرے ہاف میں برازیل نے زبردست واپسی کی، جہاں پہلے کیسی میرو نے گول کر کے مقابلہ برابر کیا اور پھر کھیل ختم ہونے سے محض ایک منٹ قبل گیبرئیل مارٹی نیلی نے فیصلہ کن گول داغ کر برازیلین ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔
ایونٹ کے دیگر مقابلوں کے شیڈول کے مطابق راؤنڈ آف 32 کے دوسرے میچ میں رات ڈیڑھ بجے جرمنی اور پیراگوئے کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجے نیدر لینڈز اور مراکش کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ اس سے قبل فٹ بال ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان کینیڈا نے بھی ایک شاندار مقابلے میں جنوبی افریقا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے؛ کینیڈین ٹیم نے میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار اس باوقار مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔





