جون 27, 2026

امریکا ایران کشیدگی میں پاکستان نے ‘پیس میکر’ کا کردار ادا کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگی صورتِ حال کو ٹالنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے کام لیا اور آج پوری دنیا پاکستان کو ایک ‘پیس میکر’ (امن کے علمبردار) کے نام سے جانتی ہے۔ لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار مبارک کو غسل دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ یہ تاریخی کامیابی وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حاصل ہوئی، جبکہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے انتھک کوششیں کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر ہونے والے حملے کی سب سے پہلے پاکستان نے مذمت کی اور پاکستان واحد ملک ہے جو اس مشکل گھڑی میں اپنے برادر اسلامی ملک کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا۔

نائب وزیراعظم نے ملکی معیشت اور سیکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دے کر دوبارہ پٹری پر ڈال دیا ہے اور اب ہمارا اگلا ہدف پاکستان کو ایک بڑی معاشی قوت بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں کیونکہ انشاء اللہ جلد ہی پاکستان کی سرزمیں سے تیل اور سونا بھی نکلے گا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کو سفارتی تنہائی کا شکار کرنے کی خواہش رکھنے والے مخالفین کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر کسی نے بھی پاکستان کی طرف بری نگاہ سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال دی جائیں گی، پاکستان اب اپنے سفارتی فیصلے مکمل خودمختاری کے ساتھ کرتا ہے۔