کھاریاں ( طاہر اقبال سے) تحصیل کھاریاں کے گاؤں موضع منگلیہ میں دو فریقین کے درمیان عرصۂ دراز سے جاری شدید اور خونریز دشمنی بالآخر خوش اسلوبی، افہام و تفہیم اور معززینِ علاقہ کی کوششوں سے ختم ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈیرہ چوہدری عبدالمالک کوٹلہ پر ایک اہم اور بڑا جرگہ منعقد ہوا، جہاں دونوں فریقین نے باہمی رضامندی سے تمام تر دیرینہ رنجشیں، عداوتیں اور مقدمات ختم کرتے ہوئے مکمل اور مستقل صلح کا اعلان کر دیا۔
اس اہم اور تاریخی موقع پر امن کی اس کاوش کی سرپرستی چوہدری عابد رضا کوٹلہ، سابق چیئرمین ملک غلام حیدر ملکہ، سابق چیئرمین چوہدری محمد عباس ککرالی اور سابق امیدوار برائے چیئرمین مہر محمد فیاض ککرالی نے کی۔ جرگے میں علاقے کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدین، وکلاء اور مختلف دیہات سے تعلق رکھنے والے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے اس خیرِ سگالی کے فیصلے کی گواہی دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران فریقین کے مابین پیش آنے والے مختلف مسلح تصادموں اور مقدمات کے نتیجے میں افسوسناک طور پر 7 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا، جن میں محمد ابراہیم ولد محمد رفیق، منظور حسین ولد میراں بخش، محمد امین، محمد یونس، محمد اقبال ولد محمد بخش، ہارون ولد محمد اسماعیل اور محمد عدیل ولد محمد فیاض شامل ہیں۔
جرگے کے شرکاء اور معززین نے اس دیرینہ تنازع کے خاتمے کو علاقے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کی بحالی کی جانب ایک بڑی اور تاریخی پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمنیاں صرف نسلوں کو برباد کرتی ہیں، جبکہ برداشت، رواداری اور باہمی احترام ہی ایک پُرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی اصل بنیاد ہیں۔ اس موقع پر دونوں فریقین نے مصافحہ اور بغل گیر ہو کر اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ وہ ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر باہمی احترام، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ زندگی گزاریں گے، اور یہ صلح خطے میں دیرپا خوشحالی کی ضمانت ثابت ہوگی۔ تقریب کے اختتام پر علاقے کے امن اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



