محکمہ موسمیات نے محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے حوالے سے اہم ترین الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 15 جون کی صبح 7 بج کر 54 منٹ پر ہوگی جس کے باعث اسی روز ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات بالکل نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ماہرینِ موسم کے مطابق 15 جون یعنی 29 ذوالحج کی شام کو چاند دکھائی دینے کی کوئی امید نہیں ہے اگرچہ اس دن ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم بالکل صاف یا کہیں کہیں ہلکے بادل رہنے کی توقع ہے، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں چاند کے غروب ہونے کے اوقات کار کی تفصیلات بتاتے ہوئے محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں رات 7 بج کر 59 منٹ پر چاند غروب ہوگا، سندھ میں رات 8 بج کر 5 منٹ، آزاد کشمیر میں رات 8 بج کر 7 منٹ، اور گلگت بلتستان میں چاند غروب ہونے کا وقت رات 8 بج کر 12 منٹ رہے گا۔ اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں چاند رات 8 بج کر 23 منٹ پر افق سے چھپ جائے گا جبکہ صوبہ بلوچستان میں چاند سب سے آخر میں رات 8 بج کر 34 منٹ پر غروب ہوگا۔





