جون 13, 2026

ادارے کو بے توقیر نہ کریں، لیڈر کی رہائی کے لیے ضرور احتجاج کریں: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا پی ٹی آئی کو مشورہ

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کڑا مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے لیڈر کی رہائی کے لیے احتجاج ضرور کریں لیکن اس کے لیے ملکی اداروں کو بے توقیر کرنے کی روش بند کریں۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سمیت ن لیگ کی پوری قیادت نے جیلیں اور سخت سزائیں کاٹیں لیکن ہم نے کبھی بھی ملکی سسٹم اور اداروں کو داؤ پر نہیں لگایا، جبکہ گزشتہ سوا دو سال سے ایوان کے اندر کارروائی کا پورا محور صرف اور صرف تحریک انصاف کے ایک لیڈر بنے ہوئے ہیں۔ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ایوان کی اصل کارروائی میں حصہ نہیں لیتے اور صرف ایک شخص کی خاطر اس معزز ادارے کو بھی مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ سراسر غلط رویہ ہے۔ آزاد کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے واضح کیا کہ کشمیر کے لفظ ‘آزاد’ کا تحفظ پاکستان کر رہا ہے جس کے لیے پورے ملک نے قربانیاں دی ہیں اور وہاں 25 کروڑ پاکستانیوں کے مفادات جڑے ہوئے ہیں، اس لیے سوا دو لاکھ کشمیری مہاجرین کی شہادتوں کو بھول کر یہ کہنا کہ ان سے ووٹ کا حق چھین لیا جائے بالکل غلط ہے، لہٰذا اس مسئلے کو الیکشن کے ذریعے عوام کی عدالت میں لے جایا جائے تاکہ وہ فیصلہ کر سکیں کیونکہ اگر کوئی بھی قانون ہاتھ میں لے گا تو ریاست کبھی خاموش نہیں رہ سکتی۔