جون 13, 2026

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر بیرسٹر گوہر کی بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی، اپوزیشن کا ایوان سے واک آؤٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر کل تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی ملاقات نہ کرائی گئی تو وہ وفاقی بجٹ کے اجلاس کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ عدالتی احکامات واضح ہونے کے باوجود گزشتہ 34 ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی سے کسی قسم کی ملاقات نہیں کرائی جا رہی، اس لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو چاہیے کہ وہ اس سنگین معاملے پر فوری طور پر اپنی رولنگ جاری کریں جس پر جواب دیتے ہوئے اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ اگر عمران خان اس ایوان کے رکن ہوتے تو وہ اب تک ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیتے، ساتھ ہی انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کو تین بار ایک میز پر بٹھایا گیا مگر پی ٹی آئی کے لوگ خود مذاکرات کے لیے آگے نہیں آتے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی کے خلاف تحریک انصاف کے ارکان نے احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے آنے والے بجٹ کو مسترد کر دیا اور کہا کہ یہ عوام دوست بجٹ نہیں ہوگا کیونکہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی عروج پر ہے اور اس وقت عوام کو صرف اور صرف ریلیف ملنا چاہیے۔