جون 8, 2026

آزاد کشمیر میں منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کیا گیا، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کیا گیا پھر بھی انہوں نے صورتحال بگاڑنے کی کوشش کی۔ اسلام آباد میں سیاسی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے کی تمام شقوں پر عملدرآمد کے لیے نگران کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر عدالت نے بھی واضح کر دیا کہ یہ آئینی نشستیں قانون سازی کے بغیر ختم نہیں کی جا سکتیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ٹنلز کی تعمیر سمیت کوئی بھی بڑا ترقیاتی منصوبہ چند دنوں میں مکمل نہیں ہو سکتا، البتہ منصوبوں میں مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، اس لیے ہر چند ماہ بعد احتجاج مناسب نہیں۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور معصوموں کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو کمزور کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔

کسی کو نہیں معلوم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کس بیانیے پر کام کر رہی ہے: سردار عتیق

اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق نے کہا کہ کسی کو نہیں معلوم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کس بیانیے پر کام کر رہی ہے، کشمیر سے متعلق پاکستان کی پوزیشن پہلے سے بہت زیادہ مضبوط ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی کمیٹی نے نیک نیتی سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کیے اور حکومتِ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے مسلسل آواز اٹھا رہی ہے۔