جہلم ( رپورٹ: محمد زاہد خورشید) ڈسٹرکٹ پولیس جہلم نے ڈی پی او شفیق احمد چوہدری کی کمانڈ میں ماہِ مئی 2026 کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، سنگین جرائم کی سرکوبی اور امن دشمن عناصر کے خلاف ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ اس مہم کے دوران جہلم پولیس نے مجموعی طور پر 97 اشتہاری مجرمان کو حراست میں لیا، جن میں 14 اے کیٹیگری اور 70 بی کیٹیگری کے خطرناک اشتہاریوں سمیت 13 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ پولیس نے قتل کے 04 مقدمات میں 04 ملزمان جبکہ ریپ کے 14 مقدمات درج کر کے 14 ملزمان کو فوری گرفتار کیا۔ جرائم پیشہ گینگز کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے پولیس ٹیموں نے 08 سرگرم گینگز کو ٹریس کیا اور چوری و ڈکیتی کے 34 مقدمات میں ملوث 19 ملزمان کو دھر کر ان کے قبضے سے 34 لاکھ 02 ہزار روپے مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا۔ برآمد شدہ سامان میں 05 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت کی 06 عدد چوری شدہ موٹر سائیکلز، 03 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا 01 عدد لوڈر رکشہ اور مزید 03 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے چوری شدہ موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں جنہیں قانونی کارروائی کے بعد بحقِ سرکار ضبط کیا گیا۔
اسی طرح منشیات فروشی کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 42 مقدمات درج کر کے 42 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 20 کلو 577 گرام چرس، 02 کلو 280 گرام ہیروئن، 01 کلو 260 گرام افیون، 106 گرام آئس اور 498 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی بھرپور ایکشن لیتے ہوئے 53 مقدمات درج کر کے 53 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے 36 عدد پسٹلز، 11 بندوقیں و رائفلیں (بشمول 03 رائفلز اور 02 ریوالورز) اور 117 کارتوس برآمد ہوئے۔ جوئے کے خلاف کارروائی میں 02 مقدمات کے تحت 10 قمار بازوں کو دھر کر 23 ہزار 350 روپے نقدی اور 08 موبائل فونز قبضے میں لیے گئے۔ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مہم میں 60 مقدمات درج کر کے 89 ملزمان (74 مرد اور 15 خواتین) کو گرفتار کیا گیا۔
ضلع میں سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے مجموعی طور پر 496 مقامات پر بڑے سرچ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 4723 گھروں اور 11272 افراد کی جامع چیکنگ کی گئی؛ سرچ آپریشنز کے دوران ناجائز اسلحہ پر 10 مقدمات میں 10 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے 08 عدد پسٹلز، 01 عدد رائفل اور 01 عدد کلاشنکوف برآمد کی گئی، جبکہ منشیات پر مزید 10 مقدمات درج کر کے 10 ملزمان سے 09 کلو 120 گرام چرس اور 100 لیٹر شراب برآمد ہوئی، اس کے ساتھ ساتھ 11 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں اور 10 اشتہاریوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ٹریفک مہم کے دوران قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 5721 چالان جاری کیے گئے جن کے ذریعے ملکی خزانے میں 01 کروڑ 05 لاکھ 55 ہزار 900 روپے جرمانہ جمع کرایا گیا۔ پبلک سروسز کے شعبے میں پولیس خدمت مراکز جہلم سے 3608 شہریوں نے مختلف ڈیجیٹل سہولیات کا فائدہ اٹھایا، جبکہ ڈی پی او جہلم نے کمپلینٹ سیل اور کھلی کچہریوں کے دوران 279 شہریوں کے مسائل خود سن کر موقع پر احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے واضح پیغام دیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے سنگین ملزمان کے خلاف یہ بلا امتیاز کریک ڈاؤن مزید سختی سے جاری رہے گا۔





