جون 7, 2026

گجرات میں بزرگ خاتون پر تشدد کے معاملے پر پولیس کا فوری ایکشن، مقدمہ درج ، 2 ملزمان گرفتار

رپورٹ: عمر شیخ

ترجمان گجرات پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، گجرات میں ایک بزرگ خاتون پر بہیمانہ تشدد کے افسوسناک معاملے پر پولیس نے فوری اور سخت ایکشن لیتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ ہولناک واقعہ صدر جلالپور جٹاں کے نواحی گاؤں ٹھٹہ موسیٰ میں پیش آیا تھا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے متحرک ہو کر کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس حکام نے متاثرہ بزرگ خاتون، اختر دختر فضل الٰہی کی مدعیت میں قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کیا اور چھاپہ مار کارروائی کے دوران واقعے میں ملوث دو نامزد ملزمان لیاقت علی اور علی حسن کو حراست میں لے کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ انہیں بھی جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ اس حساس معاملے پر ڈی پی او گجرات نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خواتین کی عزت، آبرو اور ان کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور معاشرے میں کمزور طبقات پر ظلم کرنے والے کسی بھی عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔