فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا انتہائی اہم سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، تہران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے ان کا استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، جن کا بنیادی مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا اور سفارتی ثالثی کے عمل کو مؤثر بنانا تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تعمیری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔ ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ کردار کو سراہتے ہوئے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔



