ستمبر 13, 2026

بجلی صارفین ہوشیار! کیو آر کوڈ اور جعلی لنکس کے ذریعے معلومات چوری ہونے کا انکشاف، پاور ڈویژن نے اہم ترین ایڈوائزری جاری کر دی

پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ (QR Code) کی آڑ میں صارفین کا حساس ڈیٹا اور معلومات چوری ہونے کے شدید خدشے کے پیش نظر ایک اہم ترین عوامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے صارفین کے لیے جاری کی جانے والی اس ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ کچھ جرائم پیشہ اور مکار عناصر کیو آر کوڈ کا غلط استعمال کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، جس کے تحت صارفین کو ایک خاص لنک پر کلک کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے اور پھر ان سے 4 مختلف مراحل میں ان کی ذاتی معلومات شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے۔ اس دھوکہ دہی کے طریقہ کار کے مطابق جب صارفین اپنی معلومات درج کر دیتے ہیں، تو انہیں اسی لنک پر 6 ہندسوں والا ایک مخصوص کوڈ درج کرنے کا کہا جاتا ہے جو کہ سراسر ایک فراڈ ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن نے واضح الفاظ میں عوام کو مطلع کیا ہے کہ بجلی کے اصل بل کے علاوہ متعلقہ معلومات کسی بھی دوسرے آن لائن پلیٹ فارم یا ویب سائٹ پر درج نہیں ہو سکتیں اور معلومات کے اندراج کا یہ رائج کیا جانے والا طریقہ کار بالکل غلط، جعلی اور غیر قانونی ہے۔ پاور ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ اس گھناؤنے کھیل میں ملوث جرائم پیشہ عناصر اور دھوکے بازوں کے بارے میں ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے، لہٰذا تمام بجلی صارفین کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ بجلی کے بلوں پر کسی بھی قسم کی سبسڈی حاصل کرنے کے لالچ میں آ کر کسی بھی ڈیجیٹل لنک یا کاغذ پر اپنی کوئی بھی ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔